ضیاءاللہ بنگش کی برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریہ سے ملاقات

پشاور: مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریہ سے ملاقات کی ملاقات میں ڈیجیٹل خیبرپخونخوا منصوبے سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔برطانیہ میں آئی ٹی کمپنیز کو خیبرپخونخوا آئی ٹی بورڈ سے منسلک کر کے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے لیے بہترین ٹریننگ سمیت آئی ٹی شعبے میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر مشاورت بھی کی گئی ۔خیبرپختونخوا کے نوجوان طلباء کے لیے ویزہ عمل میں آسانیاں اور بروقت دستیابی کے حوالے سے اقدامات بھی ملاقات میں زیربحث رہے۔اس موقع پر مشیر سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان تمام محکموں کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہیں جس کے لیے انہیں اہم ٹاسک سونپا اور باقاعدگی سے رپورٹ لے رہے ہیں۔برطانیہ میں انفامیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے ڈھیر سارے مواقع موجود ہیں جن میں خیبرپختونخوا محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی بھرپور دلچسپی لے رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے طلباء آئی ٹی کے حوالے سے انتہائی اہل ہیں۔ ہم چاہتے ہیں دور جدید کے تقاضوں کے مطابق نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے آگے بڑھیں اور نوجوانوں کو بہترین مواقع اور سہولیات فراہم کریں۔ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایات کے مطابق برطانیہ کی آئی ٹی کمپنیز کے ساتھ نوجوانوں کی ٹریننگ اور روزگار سمیت دیگر اُمور پر حکمت عملی مرتب کر رہے ہیں۔