پاکستان میں فیس بک کا کردار قابل ستائش ہے،بیرسٹر فروغ نسیم

اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ خواتین کی وراثت اور لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی جیسے قوانین کے بارے میں اطلاعات فراہم کرنے کےلئے فیس بک ایک کارآمد ذریعہ ہے۔ یہ بات انہوں نے فیس بک کے ڈائریکٹر آف پالیسی فار ایشیاءپیسفک ایمرجنگ مارکیٹز رافیئل فرانکل کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف بیرسٹر ملیکہ بخاری بھی موجود تھیں۔ وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ فیس بک پاکستان میں ہونے والی عوام دوست قانون سازی سے متعلق اطلاعات لوگوں تک پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے، پاکستان میں فیس بک کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی وراثت اور لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی جیسے قوانین کے بارے میں اطلاعات فراہم کرنے کےلئے فیس بک ایک کارآمد ذریعہ ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کے حوالہ سے آگاہی سے متعلق فیس بک کا کردار اہم ہے۔ ڈائریکٹر آف پالیسی فار ایشیاءپیسفک ایمرجنگ مارکیٹز رافیئل فرانکل نے کہا کہ فیس بک پاکستان میں محفوظ سماجی رابطوں کو یقینی بنانے کےلئے کوشاں ہے، فیس بک وزارت آئی ٹی اور وزارت تعلیم کے ساتھ مل کر ڈیجیٹل لٹریسی کی مہم پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیس بک پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور کاروباری خواتین کےلئے مدد گار ثابت ہوا ہے۔ رافیئل فرانکل نے کہا کہ فیس بک نے پاکستان میں پو لیو ویکسینیشن مہم سے منسلک بے بنیاد اطلاعات کا بھرپور مقابلہ کرکے 4 کروڑ افراد کو درست معلومات فراہم کیں۔