پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے،چینی سفیر

چین کے سفیر

اسلام آباد:چین کے سفیر یاﺅژنگ نے کہا ہے کہ چین خطے میں امن اور ترقی کی حمایت کرتا رہے گا، باہمی رابطوں اور انفرااسٹرکچر سے خطے کے لوگ قریب آسکتے ہیں. تفصیلات کے مطابق چینی سفیر یاﺅژنگ کا اسلام آباد میں ترقی اور امن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک کی ترجیح لوگوں کی فلاح وبہتری ہونی چاہیے، دوطرفہ تعلقات سے خطے کے لوگ قریب آئیں گے انہوں نے کہا کہ کاروباری شراکت داری کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت ہے، علاقائی سطح پر اعتماد سازی کو فروغ دینا ہوگا.چینی سفیر نے کہا کہ خطے کے ممالک میں باہمی تجارت اور تعاون کو بڑھانا ہوگا، پاکستان خطے کے ممالک کے مابین تعاون کے فروغ میں کردار ادا کرسکتا ہے. خیال رہے کہ رواں سال فروری میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر یاﺅژنگ نے وزیر اعظم عمران خان کو یقین دہانی کرائی تھی کہ چین پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرے گا، پاکستان اور چین قریبی دوست اور شراکت دار ہیں، چین کی حکومت پاک چین تعلقات میں مزید فروغ اور استحکام کے لیے کوشاں ہے.یاﺅ ژنگ نے یہ بھی کہا تھا کہ چینی حکومت اور بزنس کمیونٹی وزیرِ اعظم کے اقدامات سے مطمئن ہیں، کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے حکومتی ترجیحات اطمینان بخش ہیں، حکومت پاکستان کے اقدامات غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کر رہے ہیں، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، حالیہ اقدامات سے پاکستان کی ایکسپورٹس بڑھیں گی.