ایرانی حملے میں ایئربیس کو نقصان پہنچا، اسرائیل کا اعتراف

تل ابیب : اسرائیل نے اعتراف کیا ہے کہ ایرانی حملے میں اسرائیلی ایئربیس کو نقصان پہنچا ہے، پانچ ایرانی میزائلوں سے نیواتیم (Nevatim) ایئربیس کو نقصان پہنچا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ حملے میں اسرائیلی ایئر بیس کے تین رن ویز کو نقصان ہوا، نیواتیم ایئربیس اسرائیل کا سب سے بڑا جنگی محاذ ہے۔ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے اس اڈے کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے دمشق کے ایرانی سفارتخانہ پر حملہ کیا گیا تھا۔امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ امریکی فوج نے اسرائیل پر حملے کے لیے بھیجے گئے 80 سے زائد ڈرونز اور 6 بیلسٹک میزائل تباہ کئے، میزائل اور ڈرونز ایران اور یمن سے بھیجے گئے تھے۔اس کے علاوہ ایرانی حملوں کے جواب میں امریکا اور اردن نے اسرائیل کی مدد کرتے ہوئے کئی ایرانی ڈرونز مار گرائے۔ایران نے حملوں کے بعد اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل پر تین سو سے زیادہ ڈرون اور میزائل حملے کیےگئے، ایران نے پچاس فیصد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔واضح رہے کہ یکم اپریل کو اسرائیل کی جانب سے شام میں ایرانی قونصل خانے پر میزائل حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 12 افراد شہید ہوگئے تھے۔اس حملے کے بعد ایرانی فوجی سربراہ جنرل حمد حسین بغیری نے شام میں ایرانی قونصل خانے پر اسرائیلی حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا تھا۔