مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی حیوانیت پر اقوام عالم کی خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے،اسد قیصر

اسد قیصر

اسلام آباد :سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی حیوانیت پر اقوام عالم کی خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے، 100 دنوں سے جاری محاصرہ سے تاریخ میں ایک سیاہ باب کا اضافہ ہوا ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کا محاصرہ ختم کرانے کےلئے اپنا کردار ادا کرے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت نے انسانیت کو شرما دیا، مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی حیوانیت پر اقوام عالم کی خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے، مقبوضہ وادی میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ100 دنوں سے جاری کرفیو نے مقبوضہ وادی کے عوام کی زندگیوں کو اذیت ناک بنا رکھا ہے، بھارت نے وادی میں بچوں، بوڑھوں اور خواتین سمیت ہر عمر کے افراد کو محصور بنا رکھا ہے، پوری وادی ایک اوپن ایئر جیل کا منظر پیش کر رہی ہے،مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 100 دنوں سے تعلیمی ادارے بند ہیں اور اشیاءخوردنوش سمیت ادویات ناپید ہیں۔ وادی میں لاک ڈاون کی وجہ سے کاروبار اور زراعت کا شعبہ تباہ حالی کا شکار ہے، عالمی برادری مقبوضہ وادی کشمیر میں بھارتی محاصرے کے خاتمہ کےلئے فوری اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان تحریک جدوجہد آزادی میں اپنے مظلوم کشمیری بہن اور بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان کی پارلیمان کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم کو کشمیری عوام کی آواز بن کر اجاگر کرے گی۔