بابا گرونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات،سکھ یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدل پہنچ گئے

بابا گرونانک دیو جی

حسن ابدال: بابا گرونانک دیو جی کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے 1100 بھارتی سکھ یاتری حسن ابدال میں واقع گردوارہ پنجہ صاحب پہنچ گئے ہیں. اس موقع پر گردوارے کو رنگ برنگے برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا جہاں یاتریوں نے متھا ٹیکی،اشنان اور تحائف دینے سمیت مختلف مذہبی رسومات ادا کیں‘متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی سیکریٹری برائے مزارات عمران گوندل نے بتایا کہ 1100 سکھ یاتریوں نے 31 اکتوبر لدھیانہ اور امرتسر سے واہگہ بارڈر پار کیا تھا.انہوں نے بتایا کہ سکھ یاتریوں نے گردوارہ جنم استھان، ننکانہ صاحب، گرداورہ سچا سودا فاروق آباد اور دیگر گردواروں کا دورہ کیا اور یہ یاترہ کرتار پور میں گردوارہ دربار صاحب میں اختتام پذیر ہوگی جہاں سونے کے ورقے کی پالکی صاحب نصب کی جائے گی. ڈپٹی سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذہبی مقامات کے دورے سے متعلق 1974 کے پروٹوکول کے مطابق نگر کرتن کے لیے جاری کیے گئے 1300 ویزے ختم ہوگئے.

انہوں نے مزید کہا کہ 1974 میں طے شدہ معاہدے کے تحت بھارتی سکھ یاتری مذہبی رسومات کے لیے کم از کم 4 مرتبہ پاکستان آتے ہیں لیکن ویزا ہونے کے باوجود پاکستان کو مذہبی رسومات میں شرکت کی اجازت نہ دینا سمجھ سے باہر ہے. عمران گوندل نے بتایا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے پاکستان سکھ گردوارہ پربند کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے مقامی اور بھارتی سکھ یاتریوں کے لیے سیکیورٹی اور رہائش کے انتظامات کیے ہیں.صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یاتریوں نے سکھ برادری کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کرتارپور راہداری کھولنے کے حکومتی اقدام کو سراہا‘یاتریوں نے ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے اور بابا گرونانک دیو جی کے 550 ویں جنم دن پر یادگاری سکہ جاری کرنے پر وزیراعظم عمران خان کی تعریف کی.