امریکہ کی طرف سے فلسطین کی رکنیت کی قرارداد ویٹو کرنے پر افسوس ہے

اسلام آباد:پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں گزشتہ رات ہونے والی بحث کے نتیجے، اتفاق رائے تک نہ پہنچنے اور فلسطین کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں رکنیت کی سفارش کرنے میں ناکامی پر سخت مایوس کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ ہمیں فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے والی قرارداد کے مسودے کو ویٹو کرنے کے امریکی فیصلے پر افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ فلسطین کو اقوام متحدہ میں شامل کرنے کا وقت آگیا ہے، یہ 75 سال سے فلسطینی عوام کے ساتھ ہونے والی تاریخی ناانصافی کو درست کرنے کی جانب ایک قدم ہوگا اور یہ ان کے حق خود ارادیت کی تصدیق کرے گا۔ ترجمان نے کہا کہ فلسطینی عوام کو 4 جون 1967 کی سرحدوں کے اندر ایک آزاد و خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست میں رہنے کا موروثی حق حاصل ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔