ایپکس کمیٹی کا معیشت کی بہتری کیلئےاقدامات خوش آئندقرار

اسلام آباد:نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) سمیت تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی معاشی اہداف کے حصول میں نگران حکومت کی معاونت کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ آئندہ منتخب حکومت کو چاہئے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں معاشی پالیسیوں کے تسلسل اور ایس آئی ایف سی کی قائم کردہ معاشی اقدمات کی رفتار سے استفادہ کرے۔وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا 9 واں اجلاس یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نگران وفاقی کابینہ کے ارکان، صوبائی وزراءِ اعلیٰ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف وزارتوں نے ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے جاری منصوبوں، پالیسی اقدامات اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ایپکس کمیٹی نے ان منصوبوں اور پالیسی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مجموعی حکومتی حکمت عملی کے تحت متعین شدہ اہداف کے حصول میں مثبت کردار کو سراہا۔کمیٹی نے ملک کی معیشت کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا مجموعی طور پر جائزہ لیا اور ان کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیا۔ کمیٹی نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اس کی استعداد کار کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لانے کیلئے مختلف شعبوں میں اقدامات، افرادی قوت کی ترقی، مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور مقامی تنازعات کے حل کیلئے مؤثر طریقہ کار سے ایک پائیدار نظام بنانے کی بھی تعریف کی۔کمیٹی نے دوست ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات پر پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی طرف سے سرمایہ کاری سے بھرپور مستفید ہونے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ کمیٹی نے اجلاس میں سٹرٹیجک کنالز وژن 2030 اور ایف بی آر اصلاحات کی منظوری دے دی۔آرمی چیف نے پاک فوج کی جانب سے ملک میں معاشی استحکام اور لوگوں کی معاشی و سماجی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات کے بھرپور ساتھ کے عزم کا اظہار کیا۔اجلاس کے اختتام پر نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل، تمام وزارتوں، اداروں اور تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے معاشی اہداف کے حصول میں نگران حکومت کی معاونت اور مستقبل کیلئے ایک عمدہ مثال قائم کرنے میں کردار کی تعریف کی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ منتخب حکومت کو چاہئے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں معاشی پالیسیوں کے تسلسل اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی قائم کردہ معاشی اقدمات کی رفتار سے استفادہ کرے۔