خیبر پختونخوامیں بارشوں وبرفباری کاسلسلہ 4فر وری تک جاری رہنے کا امکان

پشاور:پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے زیادہ تر علاقوں میں گزشتہ 24گھنٹوں سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ صوبے کے بالائی اضلاع میں برفباری کایہ سلسلہ آئندہ 4فروری تک جاری رہنے کاامکان ہے ۔ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے نیا مراسلہ جاری کردیا ہے۔پی ڈی ایم اےمراسلے کے مطابق بارشوں اور برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئ ہے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد قیصر خان کے مطابق بارشوں وبرفباری سے متاثرہ اضلاع کے انتظامیہ کو چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاتی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے ۔پی ڈی ایم اے مراسلہ کے مطابق حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں ،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اورسڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔اس دوران ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائیں۔سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیاجائے ۔پی ڈی ایم اے مراسلے کے مطابق بارشوں اور برفباری کا موجودہ سلسلہ 4 فروری تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے ،سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔