نگراں وزیراعظم کا تیل اور گیس کے ذخائر تلاش کرنے کی ضرورت پر زور

اسلام آباد:نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سمندری اور سمندر سے باہر تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، پٹرولیم کانفرنس پاکستان کی بے پناہ معدنی صلاحیت کو مکمل طور پر استعمال کرنے کے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہے تاکہ توانائی میں خود کفالت کو یقینی بنایا جا سکے اور ملک کو توانائی کے ایک علاقائی برآمد کنندہ میں تبدیل کیا جا سکے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پٹرولیم کانفرنس 2024 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے۔صوبائی وزرائے اعلیٰ، وزیر توانائی، سیکرٹری پٹرولیم، حکومتی نمائندوں، پالیسی سازوں، توانائی اور پٹرولیم سیکٹر کے غیر ملکی اور ملکی سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی مندوبین نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔ انہوں نے سمندری اور سمندر سے باہر تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔نگران وزیر اعظم نے انفراسٹرکچر کی ترقی، لاجسٹکس اور سکیورٹی میں تلاش اور پیداوار کی کوششوں کو تقویت دینے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ کانفرنس پاکستان کی بے پناہ معدنی صلاحیت کو مکمل طور پر استعمال کرنے کے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہے، تاکہ توانائی میں خود کفالت کو یقینی بنایا جا سکے اور ملک کو توانائی کے ایک علاقائی برآمد کنندہ میں تبدیل کیا جا سکے۔انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)اور وفاقی وزارت توانائی کو قواعد و ضوابط اور طریقہ کار کو ہموار کرکے سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دینے کو سراہا۔کویت فارن پٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی کے کنٹری منیجر علی طحہٰ التمیمی نے پالیسی سفارشات مرتب کرنے اور پٹرولیم کے شعبے میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لئے سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرنے میں حکومت پاکستان کی انتھک کوششوں کو سراہا۔