پاکستان کا بھرپور جوابی وار‘ ایران میں کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد : ایران کی جانب سے بلوچستان پر حملے کے جواب میں پاکستان نے آپریشن مرگ بر سرمچار کے دوران ایرانی سرزمین پر کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد ہلاک کردیئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے علی الصبح ایران کے صوبے سیستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا جس میں متعدد دہشتگرد مارے گئے، پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ایران کی حدود میں کالعدم تنظیموں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، ہلاک ہونے والے دہشت گرد ایران کے حکومتی عمل داری سے محروم علاقوں میں مقیم تھے، انٹیلی جنس معلومات پر کیے جانے والے اس آپریشن کو مرگ بر سرمچار کا نام دیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ سنگین خدشات پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے نام نہاد سرمچار بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہاتے رہے، حملے میں کالعدم بی ایل اے اور بی ایل ایف کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، پاکستان کی جانب سے جوابی حملے میں ایران کے کسی سویلین یا فوجی ہدف کو نشانہ نہیں بنایا گیا، کارروائی پاکستان کے تمام خطرات کے خلاف قومی سلامتی کے تحفظ اور دفاع کاغیر متزلزل عزم ہے۔