اب پی ٹی آئی کو الیکشن جیتنے سے کوئی نہیں روک سکتا

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کو الیکشن جیتنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، عدالتی فیصلے کے بعد انٹرا پارٹی الیکشن تسلیم کیا جاچکا ہے اور چیئرمین شپ بھی بحال ہوگئی ہے، عدالت نے پی ٹی آئی کو ویب سائٹ پر نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کو بلے کا نشان واپس مل گیا، اب پی ٹی آئی کو الیکشن جیتنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم قرار دے دیا ہے، الیکشن کمیشن نے غیرقانونی طریقے سے بلے کا نشان چھینا تھا، پشاور ہائیکورٹ نے قانون کے مطابق فیصلے کی روایت قائم کی ہے، پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد کچھ نہیں رہ جاتا، الیکشن کمیشن آف پاکستان ہمارا مخالف بن گیا ہے، 15 منٹ میں بلے کا نشان ویب سائٹ پر نہ ڈالا گیا تو توہین عدالت ہوگی۔
خیال رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان سے متعلق کیس کا فیصلہ سنادیا ہے جس کے تحت پاکستان تحریک انصاف کو بلے کا نشان واپس مل گیا کیوں کہ پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کا بلے کا انتخابی نشان بحال کردیا ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے الیکشن کمیشن کو سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا۔