بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی

پشاور:نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ سے ضلع ہری پور کی تحصیل خان پور کے عمائدین پر مشتمل کثیر رکنی وفد نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی اور علاقے کے لوگوں کو درپیش فوری نوعیت کے مسائل سے وزیراعلی کو آگاہ کرتے ہوئے ان مسائل کے حل کے لئے ضروری اقدامات کی درخواست کی۔ ان مسائل میں بورڈ آف ریونیو ، محکمہ جنگلات ، محکمہ تعلیم، محکمہ صحت اور گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے جڑے مختلف مسائل شامل تھے۔ ملاقات میں نگران صوبائی وزراءانجنیئر عامر ندیم درانی اور بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل کے علاوہ وزیراعلیٰ کے ترجمان بریگیڈیئر (ر) سید مجتبیٰ ترمزی بھی موجود تھے۔عمائدین کی جانب سے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن، زمینوں کے انتقالات ، فرد کے اجراءاور دیگر معاملات میں متعلقہ عملے کی رشوت لینے کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو فوری طور پر بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف پرچے درج کرکے انہیں گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا کہ رشوت لینے والے اہلکاروں کے نام فراہم کئے جائیں تاکہ حکومت ان کے خلاف فوری طور پر کارروائی عمل میں لائے۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور انہیں نشان عبرت بنایا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر کے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر ز کو پٹوار سے متعلق لوگوں کی شکایات اور مسائل سننے کے لئے کھلی کچہریاں منعقد کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کمشنر زاور ڈپٹی کمشنرزعوامی خدمات کی فراہمی کے مراکز کے اچانک دورے کریں اور اپنے دوروں اور چھاپوں کی رپورٹ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کو ارسال کریں۔انہوں نے ریونیو حکام کو ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن اور معمول کے دیگر کام ساتھ ساتھ چلتے رہیں، کمپیوٹرائزیشن کی وجہ سے انتقالات کے اجراءکا عمل کسی صورت نہیں رکنا چاہیے ۔ ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کمپیوٹرائزیشن کے عمل سے متعلق صوبہ بھر سے لوگوں کی شکایات ہیں، اس عمل میں غلطیوں کی نشاندہی کرکے ان کی بروقت درستگی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کا عمل شفافیت اور عوام کی سہولت کے لئے شروع کیا گیا ہے اسے عوام کے لئے زحمت نہ بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ بھر خصوصا ہزارہ ریجن میں خانہ کاشت اور خانہ ملکیت سے متعلق مسائل سنجیدہ نوعیت کے ہیں انہیں بروقت حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ علاقہ عمائدین نے گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے دیہاتی رہائشی علاقوں میں اپنے بائی لاز لاگو کرنے کی شکایت کی اور ان دیہاتی رہائشی علاقوں کو متعلقہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے ماتحت کرنے کا مطالبہ کیا ۔عوامی مطالبے پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں مروجہ قوانین کی روشنی میں کابینہ کی منظوری کے لئے کیس تیار کرنے کی ہدایت کی ۔ وفد نے علاقے کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے اور سکولوں میں اساتذہ کی عدم موجودگی کی شکایت کی جس پر ارشد حسین شاہ نے متعلقہ حکام کو علاقے کے ہسپتالوں اور سکولوں میں عملے کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔