نوجوان نسل قوم کا مستقبل ،فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح

اسلام آباد:نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں،نوجوانوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے،یوتھ پروگرام کے تحت قرضہ جات کی تقسیم میں انتہائی ذمہ داری اور احتیاط سے کام لیا جائے۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے حوالے سے جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کو وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ایم سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 2013 سے اب تک 550,000 افراد کو تربیت فراہم کی گئی ہے ، اگلے مرحلے میں 56,000 افراد کو تربیت دی جائے گی جس میں بڑا حصہ ہائی ٹیک سکلز کا ہو گا۔ مزید برآں پی ایم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 2013 سے جون 2023 تک 500,000 لیپ ٹاپس نوجوانوں میں تقسیم کئے گئے ، سال 2023 میں ایک لاکھ لیپ ٹاپس نوجوانوں کو فراہم کئے جا رہے ہیں۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پی ایم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کے تحت 2013-2023 تک نوجوانوں کو 100.7 بلین روپے کے آسان قرضے فراہم کئے گئے جبکہ پی ایم ٹیلنٹ ہنٹ اینڈ سپورٹس لیگ کے تحت 83,323 نوجوانوں کو بیڈمنٹن، فٹبال ، سکواش، والی بال اور دیگر کھیلوں میں موقع دیا گیا۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پی ایم یوتھ ڈویلپمنٹ پیکج 2023-24 میں 80 بلین روپے کی سکیمز رکھی گئی ہیں ، ان سکیمز میں ایجوکیشن انڈومینٹ فنڈ، ویمن امپاورمنٹ، بزنس اینڈ ایگریکلچر لون ٹیوب ویل سولرائیزیشن، لیپ ٹاپس سکیم ، سپورٹس انڈومینٹ فنڈ، گرین ریولوشن ، ڈیجیٹل ہب ون ونڈو شامل ہیں۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان نسل قوم کا مستقبل ہے ، نوجوانوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ کہ یوتھ پروگرام کے تحت قرضہ جات کی تقسیم میں انتہائی ذمہ داری اور احتیاط سے کام لیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کے لیے پی ایم یوتھ سکیمز میں خصوصی اہمیت اور توجہ کم دی جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ سکیمز کے حوالے سے سے ایسی حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے جس سے مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن ہو سکے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ماسٹر ٹرینرز کے لئے بھی تربیتی پروگرامز شروع کئے جا ئیں تاکہ ان کی صلاحیت میں اضافہ ہو سکے اور وہ دیگر لوگوں کو معیاری تربیت دے سکیں۔اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاحت و امور نوجوانان سید وصی شاہ اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔