فچ کا پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ ٹرپل سی برقراررکھنے کافیصلہ

اسلام آباد:کریڈٹ ریٹنگ کے بین الاقوامی ادارہ فچ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ ٹرپل سی کو برقراررکھاہے۔فچ کی جانب سے جاری بیان میں بتایاگیاہے کہ پاکستان کی طویل المعیاد فارن کرنسی ایشوورڈیفالٹ ریٹنگ کو ٹرپل سی پر برقرار رکھا گیاہے۔فچ کی جاری کردہ رپورٹ میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ سٹینڈبائی معاہدہ کے بعد پاکستان میں کلی معیشت کے استحکام اوراس کے نتیجہ میں بہترکارگردگی کااعتراف کیاگیاہے۔ رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ پہلا جائزہ مکمل ہوچکاہے اورآئی ایم ایف کاانتظامی بورڈ کسی رکاوٹ کے بغیر سٹاف سطح کے معاہدے کی منظوری دیدے گا جس کے بعد پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے 700 ملین ڈالرکی قسط موصول ہو گی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی حکومت نے توانائی کے شعبہ میں اصلاحات اورمارکیٹ کی حرکیات پرمبنی ایکسچینج ریٹ سمیت مالی استحکام کیلئے کئی اقدامات کاسلسلہ جاری رکھا ہواہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کی نگران حکومت نے اگست میں انتظامات سنبھالیں ہیں، نگران حکومت نے بجلی اورگیس کی قیمتوں میں اضافہ سمیت بعض نئے اقدامات کئے ہیں، نگران حکومت نے بلیک مارکیٹ کے خلاف کاروائیاں کی جس سے اوپن مارکیٹ اور انٹربینک میں ڈالر کی قدرمیں خلیج کو کم کیاگیا، ان اقدامات سے بینکوں کے چینل سے زیادہ زرمبادلہ لایاگیا۔ رپورٹ میں کفایت شعاری اورٹیکس کی بنیادمیں وسعت کیلئے اقدامات کابھی ذکرکیاگیاہے۔