دو خاندانوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا ہے

پشاور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کہہ رہا ہے کہ مجھے وزیراعظم بناو میں ترقی دوں گا، اللہ سندھ جیسی ترقی سے ہمیں بچائے۔ انہوں نے پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قائد ن لیگ نواز شریف پر تنقید کی، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ عوام کی خاطر چار سال لندن میں گزارے، حالانکہ عوام آپ کی وجہ سے لندن جانے پر مجبور ہیں۔سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں 19 کروڑ عوام موبائل کا استعمال کررہے ہیں، ذاتی اور خاندانی تشہیر کے بجائے سوشل میڈیا روشن پاکستان کے لئے استعمال کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی سیاست پر دو خاندانوں کی اجارہ داری ہے، دو خاندانوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا ہے ، سوشل میڈیا نے ان دو خاندانوں کو بے نقاب کردیا ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ ان خاندانوں کی سیاست عوام کے لئے زہر ہے، قومی اسمبلی میں غریب عوام کے لئے قانون سازی کبھی نہیں ہوئی ہے۔ امیر جماعت سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حکومت کسی خاندان کی نہیں، حقیقت میں عوام کی نمائندہ ہو گی۔ بار بار آزمائے ہوئے چہرے ملک کے مسائل حل کرنے کی بجائے، اضافے کا باعث بنے۔ نوجوان 8فروری کو پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے محلات کا طواف کرنے کی بجائے ان کا احتساب کرنے کو تیار ہیں۔ان تین پارٹیوں کی حکومتوں کی وجہ سے 25کروڑ عوام بنیادی حقوق، بچے بچیاں تعلیم، نوجوان روزگار سے محروم ہیں، انہوں نے قومی ادارے تباہ کردیے۔