پاکستان اور جرمنی نے دو مختلف معاہدوں پر دستخط کر دیے

اسلام آباد:پاکستان اورجرمنی کے ترقیاتی بینک نے بجلی کے ترسیلی اورصحت کے شعبہ جات میں صلاحیتوں میں اضافہ کے معاہدوں پردستخط کردئیے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق کے ایف ڈبلیو کے کنٹری ڈائریکٹر سیباسچئین یعقوب اور وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے معاہدوں پر دستخط کئے جو پاکستان کے ترقیاتی اہداف کو آگے بڑھانے کے لئے جرمنی کے عزم کی نشاندہی کرتے ہیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔اعلامیہ میں بتایاگیاہے کہ قابل تجدید توانائی کی کارکردگی کے فروغ” نامی پروگرام کے تحت بینک نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی(این ٹی ڈی سی) کو 2.5 ملین یورو کی اضافی گرانٹ فراہم کرے گا۔اس معاونت سے این ٹی ڈی سی کی تنصیبات کے موثر آپریشن اور دیکھ بھال کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ اعلامیہ کے مطابق ”نجی شعبہ صحت میں خواتین خود روزگار” پروگرام کے لئے بینک اضافی 1.5 ملین یوروفراہم کرے گا ۔ اس اقدام کا مقصد پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 400 کلینک قائم کرکے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے جس سے آمدنی پیدا کرنے کے مواقع پیدا ہوں گے۔یہ معاونت جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لئے تریب دیا گیاہے جس کے تحت دیہی علاقوں میں تولیدی صحت کی خدمات کو بہتر بنایا جائے گا۔اقتصادی امور کے سیکرٹری کاظم نیاز نے جرمنی کی حکومت کی مسلسل حمایت اور پاکستان میں اقتصادی و پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں کے ایف ڈبلیو کے اہم کردار کو سراہا۔ سیباسچئین یعقوب نے کہاکہ توانائی اور گورننس کے شعبوں میں کے ایف ڈبلیو کی فنڈنگ سے نہ صرف شعبوں میں بہتری آئے گی بلکہ روزگار کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ذریعے سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی مددملے گی۔انہوں نے کہاکہ جرمنی نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سماجی حالات کو بہتر بنانے کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کی ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ نئے معاہدوں سے جرمنی کے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں ایک قابل اعتماد شراکت دار بننے کے عزم کی نشاندہی ہورہی ہے۔