نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے ممبران کا شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ کا دورہ

پشاور : نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ خیبرپختونخوا کے ممبران نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ کا دورہ کیا۔سیکورٹی حکام کے مطابق اس دورے کے دوران شمالی وزیرستان میں مقامی عوام کی فلاح و بہبود، دیرپا قیام امن، ترقیاتی منصوبے اور مثبت اثرات مرتب کرنے کے لیے دور اندیش حکمت عملیوں کا بخوبی جائزہ لیا گیا۔نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کی ٹیم کو موبائل انفوٹینمنٹ سکول بھی دکھایا گیا جو شمالی وزیرستان کے دور دراز علاقے کے بچوں کو نا صرف تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہا ہے بلکہ سکولوں کی عدم موجودگی کو بھی پورا کر رہا ہے۔ ممبران کو شمالی وزیرستان کی عوام کی فلاح و بہبود اور مقامی عوام کے ساتھ باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے تیار کردہ موبائل ہیلتھ یونٹ بھی دکھایا گیا جو شمالی وزیرستان کے دور دراز علاقوں میں مفت ادویات اور تسلی بخش علاج فراہم کر رہا ہے۔نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے ممبران کو شمالی وزیرستان کے تاریخی پس منظر اور قیام امن کے لیے شہداء کی لازوال قربانیوں سے آگاہ کرنے کے لیے ٹوچی میوزیم کا بھی دورہ کروایا گیا۔ نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ خیبرپختونخوا کے ممبران نے شمالی وزیرستان میں قیامِ امن اور ترقی و خوشحالی کیلئے پاک فوج کی جانب سے کی گئی کاوشوں کو خوب سراہا۔