فیس بک نے ہزاروں جعلی اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دیئے

نیویارک: دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک کی مالک کمپنی ’میٹا‘ نے کہا ہے کہ اس نے ہزاروں ایسے جعلی اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دیئے جو یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے تھے کہ وہ امریکی افراد کے اکاؤنٹس ہیں۔خبر رساں ادارے کے مطابق فیس بک انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے چین کے مختلف علاقوں سے چلائے جانے والے 4800 جعلی اکاؤنٹس کو بند کردیا، ڈیلیٹ کئے گئے تمام اکاؤنٹس کو چین سے چلایا جا رہا تھا لیکن وہ ایسا تاثر دے رہے تھے کہ وہ امریکی ہیں۔ڈیلیٹ کئے گئے اکاؤنٹس پر پروفائل تصاویر سمیت دیگر تصاویر بھی جعلی تھیں، جن میں امریکیوں کو دکھایا گیا تھا۔فیس بک کے مطابق مذکورہ تمام اکاؤنٹس امریکی سیاست اور خصوصی طور پر آئندہ سال کے انتخابات کے حوالے سے منتخب مواد شیئر کر کے لوگوں کی سوچ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔فیس بک کا کہنا تھا کہ مذکورہ اکاؤنٹس کو غلط معلومات پھیلانے اور آئندہ برس ہونے والے انتخابات پر اثر انداز ہونے کے ڈر کے پیش نظر ڈیلیٹ کیا گیا۔