شمالی وزیرستان :آپریشن ضرب عضب متاثرین کیلئے 35 کروڑ کے فنڈز جاری

پشاور: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان کے اپریشن ضرب عضب کے متاثرین کیلئے 35 کروڑ کے قریب فنڈز جاری کردیئے جو آئندہ ایک دو دنوں میں حسب معمول ہر رجسٹرڈ اور متاثرہ خاندان کو بذریعہ سم کارڈ میسجنگ موصول ہو نا شروع ہو جائینگے۔ ڈائریکٹر کمپلیکس ایمر جینسز ونگ پی ڈی ایم اے ثوبیہ حسام طورو نے اس حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ فنڈز اس سلسلے کی 109 ویں قسط ہے جو شمالی وزیرستان کے تقریباً 17 ہزار سے زائد ان خاندانوں میں بذریعہ سم میسجنگ تقسیم کئے جائینگے جو باقاعدہ نادرا سے تصدیق شدہ ہیں اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ بطور ٹی ڈی پیز رجسٹرڈ ہیں۔ثوبیہ حسام طورو نے بتایا کہ ہر خاندان کو 20 ہزار روپے دئے جا رہے ہیں جس میں 12 ہزار بطور نقد امدادی رقم جبکہ 8 ہزار روپے بطور راشن الاؤنس دئے جا رہے ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ مذکورہ قسط متاثرین کی ماہ اگست کیلئے ہے جبکہ باقی اقساط بھی جیسے ہی حکومت سے فنڈز مل جاتے ہیں تو وہ بھی جلد ریلیز کردئے جا ئینگے تاکہ متاثرین کی مالی مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے متاثرین پر زور دیا کہ وہ حوصلہ رکھیں اور کہا کہ پی ڈی ایم اے ان کے ساتھ ہر ممکن مدد کیلئے ہمہ وقت کو شش کر رہی ہے۔