سکیورٹی فورسز کاجنوبی وزیرستان میں آپریشن ، فائرنگ کے تبادلے میں 8دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی:پاک فوج نے جنوبی وزیرستان کے عمومی علاقے سراروغہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا اس دوران افواج پاکستان اوردہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجہ میں 8 دہشت گرد مارے گئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے ۔ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے ۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔