بھارت : یکساں سول کوڈ کا مقصد مسلمانوں کو نشانہ بنانا ہے

بنگلورو: بھارت میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا( مارکسسٹ) کے جنرل سیکریٹری سیتارام یچوری نے کہا ہے کہ یکساں سول کوڈکے معاملے کوخاص طور پر مسلمانوں کو نشانہ بنانے اورآئندہ عام انتخابات سے قبل فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دینے کے لیے اٹھایاگیا ہے۔ریاست کیرالہ کے کوزی کوڈ اشہر میں اپنی پارٹی کی طرف سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے یچوری نے بی جے پی حکومت کی جانب سے بعض مذہبی گروہوں کو دی گئی ان یقین دہانیوں پر تشویش کا اظہار کیا کہ انہیں یکساں سول کوڈ کے دائرے سے باہر رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح قانون سازی خاص طور پر مسلمانوں کو نشانہ بناتی دکھائی دیتی ہے۔سی پی آئی-ایم لیڈر نے 21ویں لاء کمیشن کی طرف سے مجوزہ یکساں سول کوڈ کی مخالفت کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی سفارش کا حوالہ دیا کہ اس مرحلے پر یکساں سول کوڈ نہ تو ضروری ہے اور نہ ہی قابل قبول ہے۔ سفارش میں کہاگیاکہ اختلاف رائے کو تسلیم کرنا اوراس کا احترام کرنا ایک مضبوط جمہوریت کی پہچان ہے۔سیمینار میں اقلیتی برادریوں، دلت اور آدیواسی تنظیموں، سماجی اصلاحی تحریکوں کے نمائندوں اور دانشوروں نے شرکت کی اوراس میں یکساں سول کوڈ کے حوالے سے خدشات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ سیتا رام یچوری نے مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں اور کیرالہ حکومت کے وزرا ء کے ساتھ مل کر پرسنل لا ء میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے یکساں سول کوڈکے خلاف اپنا موقف پیش کیا۔