آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا دورہ ایران، جغرافیائی سالمیت کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا اسلامی جمہوریہ ایران کا دو روزہ کامیاب دورہ اختتام پذیر ہوگیا ، اپنے دورے کے دوران آرمی چیف نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سمیت ایران کی عسکری قیادت سے تفصیلی ملاقاتیں کیں، دونوں اطراف کے فوجی کمانڈروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گردی خطے کے لیے بالعموم اور دونوں ممالک کے لیے بالخصوص مشترکہ خطرہ ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں اطراف کے فوجی کمانڈروں نے انٹیلی جنس شیئرنگ اور دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے خلاف موثر کارروائیوں کے ذریعے سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے اور سکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی راہیں تلاش کرنے کا عزم کیا۔بری فوج کے سربراہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہ سے بھی ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان۔ایران دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ آرمی چیف کی آمد پر ایرانی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں ملٹری ہیڈ کوارٹرز میں گارڈ آف آنر پیش کیا۔