آر ایس ایس بھارت میں مسلمانوں کی مذہبی شناخت ختم کرنا چاہتی ہے

حیدر آباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہا کہ آر ایس ایس اور دیگر ہندو انتہا پسندتنظیموں کی شروع سے یہ سازش رہی ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کی مذہبی شناخت کو ختم کر دیا جائے۔اسد الدین اویسی نے اورنگ آباد میں منعقدہ ایک جلسے سے خطاب میں کہا کہ آر ایس ایس سول کوڈ کے نام پر مسلمانوں کو نشانہ بنا رہی ہے لیکن یہ لوگ بالآخر سب کا نقصان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہندو انتہا پسندتنظیمیں یونیفارم سول کوڈ کے نام پر ہم سے ہماری شناخت چھیننا چاہتی ہیں، ان لوگوں کا مقصد یہ ہے کہ بھارت میں سیکولرازم اور وحدت کی جو خوبصورتی ہے اسے ختم کر دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تنظیمیں چاہتی ہیں کہ بھارت میں ایک مذہب ، ایک تہذیب ہو۔ اسد الدین اویسی نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کی حرکتوں سے دین اسلام ختم ہو جائے گا تو وہ غلطی پر ہیں کیونکہ اسلام صبح قیامت تک باقی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنے لیے ایک حد مقرر کریں اور اس کے آگے نہ جائیں۔اسد الدین اویسی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی بار بار کہہ رہے ہیں کہ ایک گھر میں دو قانون کیسے چل سکتے ہیں لیکن انہیں شاید معلوم نہیں کہ کریمنل پروسیجر ایکٹ کا نفاذ بعض علاقوں میں نہیں ہوتا ، اروناچل پردیش میں کوئی بھی بغیر اجازت کے نہیں جاسکتا۔ ہماچل پردیش میں بغیر اجازت کے کوئی زمین نہیں خرید سکتا۔