سیلاب سے متاثر 10 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین میں نقد امداد تقسیم

اسلام آباد:اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے یو این ایچ سی آر نے پاکستان میں مقیم 10 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ افغان مہاجرین میں نقد امداد کی تقسیم مکمل کرلی ہے ۔ یہ امداد ان افغان مہاجرین میں تقسیم کی گئی جو 2022 کے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں معاشی مشکلات کا شکار ہوئے تھے۔یہ نقد امدادی پروگرام جنوری 2023 میں حکومت پاکستان کے تعاون سے شروع کیا گیا تھا جو جون کے آخر میں باضابطہ طور پر اختتام پذیر ہوا۔یو این ایچ سی آر نے 25 ہزار روپے کی گرانٹ، خاندانی حجم کے لحاظ سے، پاکستان میں کل 250,000 افغان پناہ گزین گھرانوں میں مدد کی۔پاکستان میں یو این ایچ سی آر کی نمائندہ نوریکو یوشیدا نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال اور گزشتہ سال سیلاب نے پاکستان کے لوگوں کو بری طرح متاثر کیا، جن میں مہاجرین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان پناہ گزینوں کو نقد امداد فراہم کرنا ضروری تھا۔انہوں نے کہا پاکستان 1.3 ملین رجسٹرڈ افغان مہاجرین اور 427,000 ان افراد کی میزبانی کرتا ہے جو افغانستان سے یہاں آئے اور مہاجرین ہیں۔ اس امداد نے معاشی بدحالی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں کو اپنی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل بنا کر مدد کی ہے۔