بھارت کی آبی جارحیت، دریاؤں میں پانی کی سطح بلند

اسلام آباد:بھارت کی جانب سے دریائے راوی پراجھ بیراج سے تقریبا 185,000 کیوسک پانی کا ریلہ چھوڑنے کے بعد این ڈی ایم اے کی ہدایت پرمتعلقہ انتظامیہ 20 جولائی تک حساس علاقوں خاص طور پر دریائے چناب پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریائے راوی میں جسر کے مقام کی نگرانی جاری رکھیں گی۔پاکستان کمیشن انڈس واٹر کے مطابق بھارت کی جانب سے تقریباً 185,000 کیوسک پانی کا ریلہ اجھ بیراج دریائے راوی سے چھوڑا جا چکا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق، پچھلے سال بھارت نے 173,000 کیوسک پانی چھوڑا تھا ، چھوڑے گئے پانی کا تقریبا ایک تہائی یعنی 60,000 کیوسک جسر تک پہنچا تھا جس کی وجہ سے دریائے راوی پر گیجنگ پوائنٹ پر پانی کا بہاو تیز ہو گیا تھا۔ گزشتہ ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے تقریبا 65,000 کیوسک پانی اگلے 20 سے 24 گھنٹوں کے اندر پہنچنے کی توقع ہے۔جس کے باعث جسر کے مقام پر دریائے راوی میں کم نوعیت کی سیلابی کیفیت متوقع ہے۔این ڈی ایم اے کی ہدایت پر متعلقہ انتظامیہ 20 جولائی تک حساس علاقوں خاص طور پر دریائے چناب پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریائے راوی میں جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری رکھیں گی ۔ این ڈی ایم اے نے عوام کو بارشوں کی پیشرفت اور تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔