پاکستان نے کالعدم تنظیم کے ساتھ امن مذاکرات کو مسترد کر دیا

اسلام آباد:پاکستان نے شہریوں اور سیکورٹی اہلکاروں کو شہید کرنے میں ملوث ہونے کی وجہ سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے امن مذاکرات کے انعقاد کو مسترد کردیا ہے۔دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہاکہ پاکستان ان افراد کے ساتھ بات چیت نہیں کرے گا جو بے گناہ لوگوں کو شہید کرنے کے ذمہ دار ہیں۔یونان کے ساحلی علاقے میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں جاں بحق پاکستانیوں سے متعلق دفترخارجہ کی ترجمان نے کہاکہ بچ جانے والے ایک سو چار افراد میں بارہ پاکستانی باشندے بھی ہیں جن کی صحت اچھی ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام نے کشتی میں سوار مشتبہ افراد کے خاندانوں سے ڈی این اے کے نمونے جمع کرنا شروع کردئیے ہیں۔بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہزاروں کشمیری بغیر گھر کے زندگی گزار رہے ہیں اور اپنے علاقوں کو واپس بھی نہیں جاسکتے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق جموں وکشمیر کے تنازع کے منصفانہ اور پرامن حل کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔