وزیراعظم یوتھ اسپورٹس لیگ کے تحت صوبائی ہاکی لیگ اختتام پذیر، خواتین ٹائٹل مردان ریجن نے اپنے نام کرلی

پشاور:ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کے تحت خیبرپختونخوا ہاکی پراونشل لیگ اختتام پذیرہوگئی، مردوں میں پشاور جبکہ خواتین ٹائٹل مردان ریجن نے اپنے نام کرلی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں ان کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے اختیار ولی، وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس خان، وائس چانسلر بے نظیر ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد، ڈائریکٹر سپورٹس بحرکرم،ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس بے نظیر ویمن یونیورسٹی ماریہ ثمین، صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ہدایت اللہ،ڈاکٹر نورزادہ، ضیاء الرحمان بنور، ایچ ای سی پراجیکٹ منیجر عدنان سعید، اسسٹنٹ منیجر ایچ ای سی محمد اویس،سید ذکی عباس سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے سلسلے میں ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کے تحت خیبر پختونخوا صوبائی ہاکی لیگ میل وفمیل اختتام پذیر ہوگئی، ہاکی لیگ میں پہلا فائنل خواتین ٹیموں کے مابین لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم پر کھیلاگیا جس میں مردان نے پشاور صفر کے مقابلے تین گول سے شکست دی جبکہ اسلامیہ کالج گراؤنڈ پر مردوں کا فائنل پشاور اور بنوں ٹیم کے درمیان منعقد ہوا جس میں پشاور نے بنوں کو تین ایک سے شکست دی، سوات نے تیسری پوزیشن حاصل کی، ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت چلایا جانے والا منفرد پراجیکٹ ہے جو کہ ہائیرایجوکیشن کمیشن کے تحت جامعات کے تعاون سے چلایا جا رہا ہے۔پراونشل لیگ سے قبل خیبر پختونخواہ کے پانچ مقامات بشمول بنوں، پشاور، سوات، مردان، ہزارہ اورچارسدہ میں خواتین کے ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کی نگرانی کر رہی ہیں۔ یہاں یہ بات انتہاِئی اہم ہے کہ ٹرائلز میں بہترین کارکردگی دکھانے والی تین سو سے زائد مرد و خواتین کھلاڑیوں کا ٹریننگ کیمپ لگایا گیا جس کے بعد یہ پراونشل لیگ منعقد کی گئی۔ اس سے قبل کھلاڑیوں کو بین الاقوامی شہرت کے حامل کوچز کی نگرانی میں‘دو روزہ ٹریننگ کیمپ میں ٹریننگ بھی فراہم کی گئی۔ اس لیگ میں بہترین کھیل دکھانے والی کھلاڑیوں میں سے جیتنے والی اور رنراپ ٹیموں میں سے پچیس بہترین کھلاڑیوں کا خیبرپختونخواہ کی نیشنل لیگ کے لیے ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ، نوجوان نسل کو گمراہ نہ کیا جائے انہیں کھیلوں اور ان جیسے دیگر پلیٹ فارمز فراہم کئے جائیں تاکہ ٹیلنٹ ابھر کے سامنے آئے ایسے مواقع سے نہ صرف ٹیلنٹ سامنے آئے گا وہ آگے بھی جائے گا، نوجوانوں کو صوبائی لیگ میں کھیلنے کا موقع دیا اب وہ قومی لیگ میں کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کو ان کا حق دیا اور مواقع فراہم کئے، کھیلوں کو آگے لیکر چلیں گے، نواز شریف نے 2013 میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام کی بنیاد رکھی، نوجوان نسل ملک کا مستقل ہے آبادی زیادہ تر نوجوان نسل پر مشتمل ہے جس نے اس ملک کو آگے لے جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی میں کھویا ہوامقام دوبارہ حاصل کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں جس میں سمیع اللہ اور سہیل عباس جیسے کھلاڑی سامنے آئے جن کا مقابلہ کوئی نہیں کرسکتا تھا پاکستان نے ہاکی میں وہ ٹیلنٹ متعارف کرایا جس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی تھی وہ کھویا ہوا دوبارہ حاصل کرنا ہیکہ سبز ہلالی پرچم ایک بار پھر عالمی کپ میں لہرائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ کا مقصد دنیا میں گرین شرٹ پہن کر دنیا میں نمائندگی کرنا ہے۔