پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کو مکمل کرنے اور تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں پرعزم

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے اپنے عملی پالیسی فیصلوں سے نہ صرف اقتصادی زوال روکا بلکہ معیشت کو استحکام اور ترقی کی راہ پربھی گامزن کیا، آئی ایم ایف پروگرام کو مکمل کرنے اور تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں پرعزم ہیں۔ انہوں نے یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ وفد میں چین کیلئے بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیووی ھوا، پاکستان کیلئے بینک کے ایگزیکٹوڈائریکٹر نوراحمد، تاکی ہیرویاسوئی (جاپان)، سانگ مائی ریو(کوریا)، بینک کے مشیر شن سوکی ساکوگاوا، مشیررونالڈ سان ہوان، اورپاکستان کیلئے بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ینگ یی شامل تھے۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمود پاشا اوروزارت خزانہ کے سینئرافسران بھی موجود تھے۔وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں پائیدار ترقی کے فروغ میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کردار اور تعاون کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے وفد کو ملک کی معاشی صورتحال اور ملک کو درپیش چیلنجز کے ساتھ ساتھ گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ موجودہ حکومت نے اپنے عملی پالیسی فیصلوں سے نہ صرف زوال کو روکا بلکہ معیشت کو استحکام اور ترقی کی طرف گامزن کیا ہے،حکومت نے بجٹ اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرنے اور محصولات و پیداوار بڑھانے کے لیے توانائی کے شعبے سمیت اہم شعبوں میں مشکل فیصلے کئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے وفد کو آئی ایم ایف مشن کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور حکومت کے موجودہ آئی ایم ایف پروگرام کو مکمل کرنے اور تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفد نے پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لئے حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات اور اہم اقتصادی شعبوں میں پالیسی فیصلوں کو سراہا۔ وفد نے موسمیاتی فنانسنگ اور ماحولیاتی تحفظ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے بینک کی جانب سے پاکستان کے لئے ہر طرح کی حمایت اور تعاون کی فراہمی کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ نے بینک کی جانب سے مسلسل حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔