پاکستانی فٹبال کھلاڑیوں کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں فٹ بال کے فروغ کے لئے بین الاقوامی معیارات کو اپنانے اور کھلاڑیوں کی ہر سطح پر بھرپور حوصلہ افزائی کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ روابط بڑھانے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کیلئے فیفا کی مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی کو ملک میں فٹ بال کے معاملات سے متعلق مسائل کے حل کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ایوان صدر میں پاکستان کی مردوں اور خواتین کی قومی فٹ بال ٹیموں کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران فیفا کی مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون احمد ملک اور کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے کھلاڑیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کافی مقبول ہے اور ملک میں اس کھیل کے لاکھوں شائقین ہیں، فٹ بال کو ضلعی اور کلب کی سطح پر فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی کارکردگی سے اپنے ملک کا وقار بلند کرنے اور تشخص کو بہتر بنانے کے لئے کام کریں کیونکہ وہ کھیلوں کے میدان میں پاکستان کے سفیر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں کھلاڑیوں سے بہت امیدیں ہیں کہ وہ علاقائی اور بین الاقوامی مقابلوں میں اپنے ملک کی قیادت کریں گے۔صدر مملکت نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی اندرونی سیاست نے اس کی کارکردگی کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فیفا کی مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی کی مدد سے پی ایف ایف کی کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی۔ فیفا کی مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون احمد ملک نے صدر مملکت کو بریفنگ دی کہ پاکستان میں 70 لاکھ سے زائد لوگ فٹ بال کھیلتے ہیں، فیڈریشن کے انتظام کو بہتر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ خواتین کی قومی ٹیم نے 8 سال بعد اور مردوں کی قومی ٹیم نے 4 سال بعد اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیلا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک ملک کے 163 اضلاع سے تقریباً 4600 کلب رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اور دستاویزات اور فزیکل سکروٹنی کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مردوں کی ٹیم 2026 فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شرکت کرے گی جبکہ خواتین کی قومی ٹیم اس سال پیرس 2024 کے اولمپکس کوالیفائرز میں کھیلے گی۔