پاکستان ماضی میں ٹیکنالوجی کے میدان میں کافی پیچھے رہا

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تجارت اور آئی ٹی کی صنعت کی ترقی کے لئے نوجوانوں کو تربیت یافتہ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں چھوٹی اور درمیانے درجہ کی صنعتوں (ایس ایم ایز) کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سفارتکاروں، چیمبرز کے عیدیداران سمیت تاجروں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔صدر مملکت نے کہاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو ترقی دے کر معیشت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے، ایس ایم ایز کو ترقی دے کر اس سے روزگار پیدا کرنے اور انسانی وسائل کو ترقی دی جاسکتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ چھوٹی اور درمیانے درجہ کی صنعتوں کی ترقی سے ملک معاشی طور پر مضبوط ہوگا اور اس سے ملکی معیشت بحال کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔صدر مملکت نے تقریب میں شرکت کو باعث اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس باصلاحیت افرادی قوت موجود ہے، پاکستان کو اپنی نوجوان آبادی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف مہارتوں کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت دے کر انہیں ہنر مند بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید تقاضوں کے مطابق آئی ٹی کی تعلیم سے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔صدر مملکت نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں جنہیں تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان ماضی میں ٹیکنالوجی کے میدان میں کافی پیچھے رہا لیکن اب اسے جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے لئے آگے آنا ہوگا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین کوہنرمند بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لئے خواتین کا کردار اہمیت کا حامل ہے، فنی تربیت کا حصول نوجوانوں بالخصوص خواتین کے لئے انتہائی ناگزیر ہے، پاکستان کی معیشت کو آگے لے جانے میں خواتین کا نمایاں کردار ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے سے پاکستان اقتصادی ترقی کی منازل طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیس بک اور دیگر ادارے خواتین کو ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے تربیت یافتہ بنا رہے ہیں جس کا مقصد ان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا 5 واں بڑا ملک ہے جو آنے والے برسوں میں آئی ٹی کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلند مقام کے حصول کے لئے لیڈرشپ کا بہت اہم کردار ہے، کورونا کے حوالے سے پاکستان نے بہتر حکمت عملی اپنائی، ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل کرنا چاہئے۔ تقریب سے راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر طارق محمود جدون اور دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاجر برادری ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، تاجروں نے دہشت گردی، کورونا وباءاور ہولناک سیلاب کے باعث ملک میں پیدا ہونے والے بحرانوں سے نمٹنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ بنائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مہنگائی کے تدارک کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں صدر مملکت نے تجارت کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مختلف کاروباری شخصیات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔