پاکستان میں زلزلے سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری پیش گوئیاں مسترد

اسلام آباد:ترکیہ اور شام کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستان میں زلزلے کی پیشگوئیاں کی جارہی ہیں۔ جس پر محکمہ موسمیات پاکستان کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے اپنے بیان میں پاکستان میں زلزلے سے متعلق پیش گوئیوں کو مسترد کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ترکیہ، پاکستان کی فالٹ لائنز میں کوئی مماثلت نہیں۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیرگردش زلزلے سے متعلق پیشنگوئیوں کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں، پاکستان کا اپنا اسٹیٹ آف دی آرٹ مانیٹرنگ سسٹم ہے جو ترکیہ، شام کی صورتحال اور آفٹر شاکس مانیٹر کررہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی دوتہائی آبادی فالٹ لائن پر ہے، 2005ء اور 2013ء میں انہی فالٹ لائنز پر زلزلے آئے تھے جس کے باعث شدید جانی و مالی نقصان برداشت کرنا پڑا تھا، پاکستان میں کشمیر، شمالی علاقہ جات، بلوچستان، سبی سمیت نارتھ، ایسٹ زون فالٹ لائنز پر ہیں۔