وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان کی ملاقات

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 8مرتبہ عالمی چیمپئن اور 6مرتبہ برٹش اوپن چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والے جان شیر خان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے ، ملک میں سکواش کے کھیل کو مقبول بنانے اور اس کھیل کے فروغ کے لئے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں ،نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان اور سپورٹس کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکواش کے مایہ ناز کھلاڑی اور سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے جان شیر خان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اور آپ کے خاندان نے اپنے کھیل کے ذریعے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سکواش کے کھیل کو مقبول بنانے اور اس کھیل کے فروغ کے لئے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں سکواش سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کے لئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان اور سپورٹس کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے وزیراعظم کو سکواش کے فروغ کے لئے اپنی حالیہ سرگرمیوں بارے آگاہ کیا جنہیں وزیراعظم نے سراہا۔ جان شیر خان ان دنوں سکواش کے نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کر رہے ہیں۔