مقبوضہ کشمیرمیں ترجمان پاک فوج کے پوسٹرزآویزاں

لاہور: ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کشمیریوں کی پسندیدہ شخصیت بن گئے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں ترجمان پاک فوج کے پوسٹرز آویزاں کردیے گئے، میجر جنرل آصف غفور کے کشمیر کی شاہراؤں ، گلیوں میں پوسٹرزآویزاں کیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کو کشمیر کی بھرپورآواز اٹھانے پر کشمیریوں کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔میجر جنرل آصف غفور کے سرینگر کی شاہراؤں ، گلیوں میں پوسٹرزآویزاں کر دیے گئے۔ پوسٹرز میں میجرجنرل آصف غفور کا کشمیر کیلئے آخری گولی اور آخری سانس تک لڑنے کا بیان نمایاں کیا گیا ہے۔ پوسٹرز میں پاک فوج کے عزم وہمت والے جذبے کی تعریف کی گئی۔ واضح رہے ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے بیان دیا تھا کہ کشمیرکیلئے آخری فوجی اور آخری بلٹ تک لڑیں گے، بھارت کشمیرپر قبضے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے، بھارت آزاد کشمیر کو بھول جائے بلکہ اب پرانا قبضہ چھڑانے کا وقت ہے، یقین دلاتے ہیں فوج اپنی قوم کو مایوس نہیں کرے گی، وزیراعظم اورآرمی چیف کا آخری حد تک جانے کا بیان فوج کا بیانیہ ہے۔

انہوں نے سترہ اگست کو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور چیئرمین کشمیر کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس اور میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں کہا تھا کہ قوم فکرنہ کرے ہماری تیاریاں مکمل ہیں۔ مسلح افواج کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیارہے۔ گزشتہ3 روز میں ایل او سی پربھارتی فائرنگ کا بھرپورجواب دیا ہے۔ شہری آبادی پرفائرنگ وگولہ باری کا محتاط طریقے سے جواب دے رہے ہیں۔بھارت تحریک آزادی کشمیرکودہشتگردی سے جوڑنے کی کوششیں کررہا ہے۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ مودی نے یہ حرکت کرکے مسئلہ کشمیرکے لئے بہت اچھا کام کیا۔ سردخانے میں پڑا مسئلہ کشمیرپوری دنیا کے لیے فلیش پوائنٹ بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اورآرمی چیف کا آخری حد تک جانے کا بیان فوج کا بیانیہ ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت کسی بھی طرح کی مہم جوئی کرنے کی کوشش کی تو قوم کی مدد سے پاک فوج منہ توڑ جواب دے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت پلوامہ جیسی ایک نام نہاد کارروائی بھارت کر سکتا ہے جس کو جواز بناتے ہوئے وہ پاکستان پر مہم جوئی کرے۔انہوں نے کہا کہ پلوامہ جیسے حملے پاکستان اور کشمیر کے ساتھ غداری ہوگی اور پاکستان ایسے حملوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ایک سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج کل کسی زمین کے ٹکڑے کا نہیں بلکہ انسانی حقوق کا معاملہ ہے، اس پر دنیا کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج اس وقت اپنی مغربی سرحد پر امن کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے، تاہم مشرقی سرحد ہمیشہ پاک فوج کے لیے اولین توجہ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پاکستانیوں نے بھارتی بیانیہ کا زبردست مقابلہ کیا۔