اسٹیبلشمنٹ کا ارشد شریف کو قتل کرانے میں کوئی کردار نہیں،لانگ مارچ کے بیانیئے کی آڑ میں گیم چلائی جارہی ہے، فیصل واوڈا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا ارشد شریف کو قتل کرانے میں کوئی کردار نہیں، لانگ مارچ کے بیانیئے کی آڑ میں گیم چلائی جارہی ہے، سازشی پلیئرز پاکستان کے اندر موجود ہیں،آئندہ دنوں میں کچھ اہم لاشیں گریں گی، خبردار کرتا ہوں کسی اور کیلئے بے موت نہ مریں۔انہوں نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف ایک ایماندار ، نڈر اور بہادر تھا، ارشد شریف کی گاڑی کو کوئی حادثہ پیش نہیں آیا ، ارشد شریف کا قتل ہوا ہے سازش پاکستان میں تیار کی گئی، ارشد شریف کے قتل کے شواہد مٹادیے گئے ہیں، ارشد شریف کا کوئی لیپ ٹاپ نہیں ملے گا۔ارشد شریف کو گاڑی کے اندر سے یا پھر قریب سے مارا گیا ہے، ارشد کو 20 گولیاں نہیں بلکہ سینے اور سر پر لگی ہیں، دو گولیاں قریب سے ہی لگ سکتی ہیں، کہانی سنائی گئی کہ بچے کو اغواء کیا گیا، گاڑی کا تعاقب کیا گیا، لیکن گاڑی رکی نہیں، فائرنگ کی گئی۔اگر بچہ گاڑی میں تھا تو دنیا کی کوئی پولیس اس طرح گولیاں نہیں چلاتی ۔خرم اور وقار نامی اشخاص کے نام آرہے ہیں،یہ میرا اور آپ کے بس کا کام نہیں ہے، یہ کوئی سیاستدان کا کام نہیں ہے، کہ وہ کینیا کے شہر میں دو گھنٹے دور ایک فارم ہاؤس ارینج کرے ، ارشد شریف کو ایک فارم ہاؤس میں چھپایا گیا، اور پھر حادثہ پیش آجائے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کے ساتھ کھڑے ہونے کی قیمت کیا دینی ہے، وہ پہاڑ میں گئی، میں نے ویڈیو بنا کے نام دے دیے ہیں، مقامی اور بین الاقوامی سطح پر نام دے دیے ہیں، میں اس پر ملین خرچ کرچکا ہوں، اگر مجھے گولی لگی تو تم بھی آئندہ پانچ گھنٹوں میں مارے جاؤ گے، بھلے کتنے طاقتور لوگ ہوں۔میں بتاتا ہوں کہ یہ سازش کہاں سے شروع ہوئی، ارشد شریف پر ایف آئی آرز کٹی، ارشد شریف کو سازشیوں نے ڈرایا اور یہاں سے جانے پر مجبور کیا، وہ ملک چھوڑنے کو تیار نہیں تھا۔ یہاں سے نکال دیا گیا اور وہ دبئی پہنچا، کہا گیا اسٹیبلشمنٹ یا کسی ادارے نے دبئی پولیس پر پریشر ڈالا اور نکلوا دیا، یہ بھی جھوٹ ہے، اس کا ویزہ تھا تو وہ دبئی رہا، ارشد کو دبئی سے ڈی پورٹ کرنے کا الزام بے بنیاد ہے۔پھر ارشد شریف جس پر وہ بھروسہ کررہاتھا، میں اس بارے سابق وزیراعظم عمران خان کو بھی بتا چکا ہوں، کہ جو سازش رچائی جارہی ہے اس کے مقاصد کچھ اور ہیں۔عمران خان جو پرامن لانگ مارچ کرنے جارہا ہے یہ ہمارا جمہوری حق ہے، میں بڑا واضح بتا رہا ہوں مجھے اس مارچ میں خون ہی خون، موت ہی موت، جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں،وہ جنازے دیے جائیں گے، میں اپنے معصوم پاکستانیوں کو چند لوگوں کی سازش کے لیے نہیں مرنے دوں گا۔آخری وقت تک کوشش کروں گا کہ لاشوں اور خون کا کھیل بند ہو۔ ارشد شریف اپنے بیانیئے کے ساتھ بڑی ایمانداری کے ساتھ کھڑا تھا، جو مقاصد اس کو بتائے گئے تھے اس میں ہی سازش تھی، میں آئندہ دنوں سارے پردے چاک کردوں گا، چند دنوں میں نام بھی بتا دوں گا، میں گھر والوں، بیوی بچوں، ماں باپ کو بتا کر آیا ہوں کہ اگر مجھے کچھ ہوا تو تحفے میں ان کی لاشیں بھی ملیں گی، ارشد شریف کو دبئی سے کوئی عام آدمی کینیا نہیں پہنچا سکتا، کینیا کیوں چوز کیا گیا، کس نے چھپایا، کس سے رابطوں میں رہا، کیا کرتا رہا، اس کے پس پردہ اور اس کے پیچھے منصوبہ بندی والے سازشی اور ملک توڑنے والے لوگ ہیں، جو میری جماعت اور سیاست کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔اس کو بالکل ڈرامے بازی کا نقشہ نہ دیا جائے، ارشد شریف کا کوئی موبائل، لیپ ٹاپ نہیں ملے گا، شواہد مٹا دیے گئے ہیں۔مارچ میں خون اور لاشیں دی جائیں گی، ارشد شریف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں بھی تھے، ارشد شریف واپس آنے کو تیار تھا، اس پر کوئی ایسا ایشو نہیں تھا، لیکن جن لوگوں نے سازش کے تحت اس کا برین واش کیا، وہ اس کے مطابق اپنے مقصد کو ایمانداری سے نبھا رہا تھا، سازشی ملک کو اس طرف لے گئے ہیں کہ ابھی ایک آدمی شہید ہوا ہے ابھی مزید اہم شخصیات کی لاشیں گریں گی۔سب سے اہم چیز یہ ہے کہ جب وہ پاکستان آنا چاہتا تھا تو ان سازشیوں کے دل میں خوف بیٹھ گیا، انہوں نے سوچا مروا دیتے ہیں، شواہد بھی مٹ جائیں گے۔یہ ساری باتیں مجھے کیسے پتا ہیں؟کیونکہ ارشد شریف جب یہاں سے گیا تب تک میرے ساتھ رابطے میں تھا، میرا فون فرانزک کیلئے دستیاب ہے، کہ میں سچ بول رہا ہوں یا جھوٹ؟انہوں نے کہا کہ اس سازشی کہانی کے ابھی مقاصد پورے نہیں ہوئے، لانگ مارچ کے بیانیئے کی آڑ میں جو گیم چلائی جارہی ہے، جو چھپن چھپائی کا کھیل چل رہا ہے ،وہ اصل سازش رچائی گئی ہے۔میں اس گھرانے سے ہوں جس کے تعلقات بینکوں کے صدور سے لے کرملک میں اداروں سے لے کر عالمی سطح پر بھی ہیں، میں سڑک پر چلتا کوئی آدمی نہیں ہوں، یا سیاست میں دو پیسے کما کر بات کرنے والا آدمی نہیں ہوں، ارشد شریف مجھ سے بھی رابطے میں تھا، پاکستانیوں کو بار بار کہہ رہا ہوں کہ پاکستان کیخلاف چلنے والی سازش کے پلیئرز پاکستان کے اندر موجود ہیں، وہ پاکستان سے عالمی سطح پر رابطے میں ہیں۔اسٹیبلشمنٹ کا ارشد شریف کے ساتھ ایک پازیٹو تعلق تھا، اسٹیبلشمنٹ کا ارشد شریف کے قتل میں کوئی کردار نہیں،آئندہ آنے والے دنوں میں کچھ اہم لاشیں گریں گی، کیونکہ مقاصد حاصل کرنے کیلئے ان چیزوں کو بدلنا ہے، پاکستانیوں کو خبردار کرتا ہوں کہ ہر چیز پر لبیک نہ کہیں، کسی اور کیلئے بے موت نہ مریں۔ میں آئی ایس آئی اور ایم آئی کو شواہدشیئر کر سکتا ہوں۔