کھوسٹ ہرنائی سیکورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں شدید زخمی ڈرائیور صحتیاب

کوئٹہ: 13 اگست کی رات کو بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے کھوسٹ میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا گیا ہے جس میں ہونے والی جھڑپ میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے جبکہ تین مقامی لوگ بھی زخمی ہوئے تھے۔ تینوں زخمیوں پاک فوج کے جوانوں نے بروقت ہسپتال منتقل کئے اور ان کو علاج کی سہولت دی گئی،ان زخمیوں میں مقامی غریب ڈرائیور محمد آصف بھی شدید زخمی ہوا تھا جو آج 28 دن بعد کچھ بولنے کے قابل ہوا۔ محمد آصف نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوۓ کہا کہ وہ ایک مریض کو ہرنائی سے کوئٹہ علاج کیلئے لا رہا تھا کہ کھوسٹ کے مقام پر وہ سب دہشتگردوں کی فائرنگ کی زد میں آگئے۔ اور اُنکے ساتھ ہرنائی سے آنے والے بزرگ سفرخان بھی زخمی ہوئے۔ محمد آصف نے ہرنائی میں دھرنا دینے والوں کے بارے میں کہا کہ یہ لوگ اپنے ذاتی مفادات کیلئے یہاں بیٹھے ہوئے ہیں اور یہاں کے امن کو خراب کر رہے ہیں۔ محمد آصف نے کھوسٹ سے کوئٹہ پہنچانے اور بہتر علاج معالجہ مہیا کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔