بھارت نے لمبی جنگ کا آغاز کیا ہے

اسلام آباد :صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ اس وقت پورا مقبوضہ کشمیر محصور ہے،لوگ گھروں میں نظر بند اور فاقہ کشی پر مجبور ہیں،گھروں کے باہر فوج کا پہرہ ہے،ہسپتال قبرستانوں میں تبدیل ہو چکے ہیں،لوگ سسک سسک کے مر رہے ہیں، بھارتی فواج کشمیروں پر مظالم ڈھارہی ہے، بھارت نے لمبی جنگ کا آغاز کیا ہے جس کے لیے ہمیں تیار ہونا پڑے گا، 5اگست کے واقعہ کے بعد عالمی میڈیا بھارتی مظالم کیخلاف کھل کر بو ل رہا ہے جو پاکستان کےموقف کی کامیابی ہے، ہمیں کشمیر نصب العین کے حصول کے لئے اپنی کاوشوں کو مزید آگے بڑھانا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے ”کشمیر بحران میں پاکستان کے لیے آپشنز“کے عنوان سے ایوان قائد اعظم آڈیٹوریم ایف نائن پارک میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت تک 10ہزار کے قریب کشمیریوں کو بھارتی فوج گرفتار کر چکی ہے جس میں 10سے 19سال کے بچے بھی شامل ہيں جنہیں ہندوستان کی مختلف جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9لاکھ بھارتی فوج کشمیریوں کو نہتا کر کے انہیں ماررہی ہے۔