گوشت، دودھ سے لمپی سکن وائرس انسانوں میں منتقل نہیں ہو سکتا،ماہرین

اسلام آباد :لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ماہرین نے کہاہے کہ لمپی سکن ڈیزیز انسانوں میں منتقل نہیں ہوتیں ، لمپی سکن سے متاثرہ مویشیوں کا گوشت اور دودھ قابل استعمال ہے ۔ان خیالات کا اظہار لائیو سٹاک ماہرین نے ایڈیشنل ڈائریکٹرلائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ راولپنڈی ڈاکٹر نوید سحر کی ہدایت پر یونین کونسل چک جلال دین میں لمپی سکن کے حوالے سے فارمرز ڈے کے انعقاد پرکیا گیا ۔فارمرز ڈے میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی کے بھائی وجاہت قیوم عباسی ، چیرمین راجہ اظہر سمیت ڈیری فارمر حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ راولپنڈی ڈاکٹر نمرہ اور ویٹرنری اسسٹنٹ راجہ محسن علی نے فارمرز کو آگاہ کیا کہ لمپی اسکن ڈیزیز کے بارے میں افواہوں پر کان نہ دھریں کیونکہ لمپی سکن سے انسانوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔