توہین عدالت کیس میں عمران خان کے خلاف تین رکنی بنچ تشکیل، فیصلہ آج کیا جائے گا

اسلام آباد:سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کا تین رکنی بینچ آج منگل کو عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کرے گا۔دوسری جانب عمران خان توہین عدالت کیس میں متعلقہ ریکارڈ جمع کرانے کی متفرق درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے۔ آج منگل کو عمران خان توہین عدالت کیس میں متعلقہ ریکارڈ جمع کرانے کے لیے ایڈووکیٹ جنرل جہانگیر جدون نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست جمع کرا دی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’عمران خان کی ماضی میں عدلیہ مخالف تقاریر اور بیانات کا ریکارڈ بھی جمع کرانا چاہتے ہیں،عمران خان کے ویڈیو کلپس بھی ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں۔‘درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کے عدلیہ اور ریاستی اداروں سے متعلق بیانات کو کمرہ عدالت میں چلانے کی اجازت دی جائے۔‘اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کو دھمکانے کا نوٹس لیا تھا۔ترجمان ہائی کورٹ کے مطابق سنیچر کو رجسٹرار ہائی کورٹ کی جانب سے عمران خان کی تقریر کے بارے مواد پیش کرنے کے بعد تمام ججز نے مشاورت کے بعد توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔کیس کی سماعت کے لیے تین رکنی بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ بینچ میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار شامل ہیں۔