بابر اعظم نے ہاشم آملہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ بابر اعظم کیرئیر کی ابتدائی 90 ون ڈے اننگز میں سے سب زیادہ رنز بنانے والے پلیئر بن گئے ہیں۔ پاکستانی کپتان نے 90 اننگز میں 59.79 کی اوسط سے4 ہزار 664 رنز بنائے ہیں جب کہ جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے ابتدائی 90 اننگز میں 4 ہزار 556 رنز بنائے تھے۔ان کے علاوہ سر ویوین رچرڈز نے 4 ہزار 122 ، شائی ہوپ نے 4 ہزار 51 اور جو روٹ نے 3 ہزار 954 رنز بنائے تھے۔بھارت کے ویرات کوہلی نے 90 اننگز کے بعد مجموعی طور پر 3 ہزار 899 رنز بنائے تھے۔ بابر نے نیدرلینڈ کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں لگاتار تین نصف سنچریاں بنائیں۔ جنوری 2019ء کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب بابر نے کسی دو طرفہ ون ڈے سیریز میں سنچری نہیں بنائی۔ اس سے قبل پاکستان نے جنوری 2019ء میں پانچ ون ڈے کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا جہاں بابر اعظم سنچری سکور کرنے میں ناکام رہے تھے۔