ہنی ٹریپ میں ایک اور بھارتی فوجی پھنس گیا،معلومات لیک

اسلام آباد:بھارتی ویب سائٹ کے مطابق بھارتی فوج کے 24 سالہ جوان شانتی مے رانا کو پاکستان کو فوجی معلومات لیک کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اسے مبینہ طور پر ایک پاکستانی خاتون نے بھارتی فوج سے متعلق معلومات لیک کرنے کیلئے ہنی ٹریپ کیا تھا۔ اہلکار کو سرکاری راز ایکٹ 1923 کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا۔ شانتی مے رانا مغربی بنگال کے بگونڈا ضلع کے گاؤں کنچن پور کا رہائشی ہے۔ اسے جے پور میں آرٹی یونٹ میں تعینات کیا گیا تھا۔ راجستھان پولیس کے انٹیلی جنس ونگ کے ڈائریکٹر جنرل امیش مشرا نے کہا کہ پاکستانی ایجنٹ گرنور کور عرف انکیتا اور نشا نے سوشل میڈیا کے ذریعے جوان سے رابطہ کیا تھا۔ انٹیلی جنس ونگ کا مزید کہنا تھا کہ بعد میں دونوں خواتین نے رانا کا نمبر لیا تھا۔دونوں رانا سے واٹس ایپ پر بات کرتی تھیں۔ دونوں نے پہلے رانا کا اعتماد جیت لیا اور پھر اس سے انٹیلی جنس معلومات لینا شروع کر دیں۔