بھارتی حکومت پر شدید تنقید

لکھنو: سماج وادی پارٹی کے رہنماء اکلیش یادیو نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائدکرنے پر بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ جو کچھ کشمیر کے ساتھ ہوا ہے وہ اتر پردیش کے عوام کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اکلیش یادیو نے لکھنو میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں بی جے پی سے ادارہ جاتی کنٹرول کے بارے میں سیکھنا چاہیے کیونکہ دفعہ370کی منسوخی بی جے پی کے منشور میں شامل تھی اور انہوں نے اسے منسوخ کر دیا ۔انہوں نے کہاکہ وہ صرف یہ یاد دلانا چاہتے ہیں جو کچھ آج کشمیریوں کیساتھ ہوا وہ کل ہمارے ساتھ بھی دوہرایا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے دفعہ 370کی منسوخی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ کشمیرمیں آج مسلسل 23دنوں سے لوگ اپنے گھروں میں محصور ہیں اور اگر بھارتی حکومت کا یہ فیصلہ اتنا ہی عظیم تھا تو اس نے لوگوں سے رائے کیوں نہیں لی اکلیش یادیو کی یہ تنقید بھوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایا وتی کے اس بیان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے کہاتھا کہ حزب اختلا ف کے رہنما وں کو سرینگر جانے سے قبل اپنے فیصلے پر ازسرنو غور کرنا چاہیے تھا۔