کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک بھر کے نوجوانوں میں 40 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی جا چکی ہے، عثمان ڈار

لاہور:وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی، کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک بھر کے نوجوانوں میں 40 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی جا چکی ہے اور اس سے اب تک 50,000 افراد کو ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں ، طلباء کو 160,000 وظائف بھی دیئے گئے ہیں ، گوجرانوالہ سے ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ سپورٹس ڈرائیو کا آغاز کل ہفتہ سے کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کامیاب جوان بزنس لون کے تحت نوجوانوں میں 29 ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں نوجوانوں میں کاروبار شروع کرنے کے لئے 5 ارب روپے سے زائد تقسیم کئے گئے ہیں،کامیاب جوان پروگرام کا بنیادی مقصد ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ اب تک یہ پروگرام 50,000 افراد کے لئے نوکریاں پیدا کر چکا ہے اور اس میں سے 36,000 لوگوں کے لئے پنجاب میں نوکریاں پیدا کی گئی ہیں’۔ انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب جوان بزنس لون پروگرام کے ذریعے لاہور میں 9 ہزار سے زائد افراد کو براہ راست روزگار دیا گیا ہے اور اس کے علاوہ طلباء کو 160,000 وظائف بھی دیئے گئے ہیں جن میں سے 65 ہزار پنجاب اور 9 ہزار لاہور میں دیئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ یہ تمام اقدامات وزیر اعظم عمران خان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں خود انحصار بنانے کے وژن کے مطابق اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات تعلیم اور صنعت کے درمیان خلیج کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔عثمان ڈار نے کہا کہ یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہوئی کہ ملک میں نوجوانوں کو ہر ماہ 3 سے 4 ارب روپے تقسیم کئے جا رہے ہیں جو کہ ان کے انہیں اپنا کاروبار شروع کرنے میں مدد دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان سپورٹس اینڈ ٹیلنٹ ہنٹ ڈرائیو کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے اور کل ہفتہ سے گوجرانوالہ سے ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ سپورٹس ڈرائیو کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ طلحہ طالب کامیاب جوان ویٹ لفٹنگ کے سفیر اور انعام بٹ کامیاب جوان ریسلنگ کے سفیر ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی آف لاہور کے کھلاڑی بھی اس مہم میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں کامیاب جوان کنونشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے دھرنے کے دنوں میں سخت حالات کا سامنا کیا اور کہا کہ اپوزیشن اپنے تمام منفی حربے استعمال کرنے میں آزاد ہے لیکن وہ اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔بعد ازاں کامیاب جوان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عثمان ڈار نے وزیر اعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں شروع کئے گئے پانچ فلیگ شپ پروگراموں میں ہر طرح کی حمایت اور تعاون فراہم کرنے پر وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے فلیگ شپ پروگراموں میں کامیاب پاکستان پروگرام، احساس پروگرام، نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام، ہیلتھ کارڈ اور کامیاب جوان پروگرام شامل ہیں۔ عثمان ڈار نے بینک آف پنجاب، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن نیوٹیک سمیت تمام فریقوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ انٹرپرینیورز بننے پر توجہ دیں ،وہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں کیونکہ یہ ملک کے بہتر مستقبل کے لئے بہت ضروری ہے۔