شد ت پسند کالعدم تنظیموں کو بلوچستان کے حقیقی مسائل کے حل سے کوئی سروکار نہیں ہے،کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی

کوئٹہ:کور کمانڈر بلوچستان لیفٹینٹ جنرل سرفراز علی نے کہا ہے کہ شدت پسند کالعدم تنظیموں کو بلوچستان کے حقیقی مسائل کے حل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جعفرآباد میں گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کور کمانڈر نے کیڈٹ کالج جعفرآباد کے آڈیٹوریم کا بھی افتتاح کیا۔جرگہ میں نصیر آباد ڈویژن کے سیاسی اور سماجی قائدین، مقامی انتظامیہ اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جن میں اقلیتی برادری شامل ہے ۔ معززین میں سپیکر بلوچستان اسمبلی جناب جان محمد جمالی اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران شامل تھے۔ جرگہ کا انعقاد کیڈٹ کالج جعفرآباد میں ہوا کہ جہاں یومِ والدین کی شاندار تقریب ہوئی۔کور کمانڈر نے کالج کے اساتذہ کو اعلی تعلیمی معیار پر خراج تحسین پیش کیا اور پاس آٹ ہونے والے طلبا کے والدین کو مبارکباد دی۔جنرل سرفراز نے صوبے میں پنپتے ہوئے تعلیمی اداروں کو روشن مستقبل کی دلیل قرار دیا۔ کور کمانڈر نے تربت میں گرلز کیڈٹ کالج کے کامیاب افتتاح کا تذکرہ کرتے ہوئے مستقبل میں مزید تعلیمی اداروں کے قیام کی امید ظاہر کی۔ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے کہا کہ جنگیں فوجیں نہیں بلکہ قومیں لڑا کرتی ہیں۔ قوم کی حمایت ہی فوج کی اصل طاقت ہے کور کمانڈر نے علاقائی مسائل کے حل کے لیے عوام سے ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کی سطح پر قائم ہونے والی کمیٹیوں سے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔کور کمانڈر نے نصیر آباد ڈویژن کے محب وطن عوام کی امن اور تعلیم و ترقی کے ساتھ لگا کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مزید آبی وسائل کی فراہمی کے ساتھ نصیر آباد ڈویژن نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کی فوڈ باسکٹ بن سکتا ہے ۔ عوام نے کور کمانڈر کا جرگہ میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور صوبے اور ملک کے امن و امان اور خوشحالی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔