یوکرین: پاکستانی سفارتخانے کی بھارتی طلباء کو پناہ دینے کی وڈیو وائرل

یوکرین میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے روسی حملے کے نتیجے میں ملک میں پھنسے بھارتی طلبہ کو پناہ دینے کے فیصلے نے بہت سے دل جیت لیے ہیں۔ یوکرین میں جاری جنگ اور پورے مشرقی یورپی ممالک میں افراتفری کے دوران ایک بھارتی طالب علم نے بڑی زبردست ویڈیو شیئر کی ہے۔

ویڈیو میں پاکستانی سفارت خانے کے اندر بھارتی طلبہ کا ایک گروپ دکھایا گیا ہے، یوکرین میں پاکستانی سفارت خانے نے ان بھارتی طلبہ کو ایک ایسے وقت میں پناہ دی جب انہیں خارکیو سے لیویو جانے کے لیے بھارتی سفارت خانے نے مدد کرنے سے انکار کردیا تھا۔بھارت کے معروف صحافی و پروفیسر اشوک سوین نے بھی ایک ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کی جس میں بتایا گیا کہ رومانیہ کی سرحد پر بھارتی سفارتخانے کا عملہ نہیں تھا لہذا ایسے میں پاکستانی سفارتخانے نے بھارتیوں کی مدد کی۔ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے اقدام کو عالمی سطح پر پزیرائی مل رہی ہے اور طلبہ یوکرین میں تعینات پاکستانی سفیر نوئیل کھوکھر کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں