ڈیرہ اسماعیل خان: ملک دشمن عناصر کیخلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، قبا ئلی مشران

ڈیرہ اسماعیل خان: درازندہ مورگہ کے شیرانی قبائل نے پاک فوج سے اظہار یک جہتی کیلئے علاقہ مشران پہ مشتمل ایک مقامی جرگہ نشست کا اہتمام کیا ہے، جس میں سب ڈویژن درازندہ میں موجود پاک فوج کے افسران اور ضلعی انتظامیہ کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ نشست سے باری باری اظہار خیال کرتے ہوئے مورگہ کے شیرانی قبائل کے مشران نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور ملک میں امن و امان اور عوام کو درپیش ہر قسم کی مصیبت سے نکالنے کیلئے پاکستان کی مسلح افواج نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ ہماری افواج وطن عزیز کے ماتھے کا جھومر اور ہمارا فخر و غرور ہیں۔ یہی وہ ادارہ کہ جو ہر مشکل وقت میں عوام کی مدد کیلئے تیار ملتا ہے۔ پاک فوج نے اپنی عوام کی ہمہ وقت خدمت کی ہے۔ دہشت گردوں کے منصوبوں کو بروقت ناکام بنا کر عوام کی جان و مال کی حفاظت کی ہے۔ نئے بحال ہونے والے علاقوں میں تعلیم کے فروغ کا معاملہ ہو یا لوگوں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کا معاملہ، پاک فوج ہی عوامی خدمت میں پیش پیش ہے۔ علاقہ مشران کا کہنا تھا کہ کچھ شر پسند عناصر پاک فوج کو غیر ملکی ایجنڈے پر بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو ہمارے علاقے اور ہمارے لیے انتہائی تشویشناک ہے اور ہم ان شر پسند عناصر کے خلاف پاک فوج کے ساتھ ہیں اور غیر ملکی ایجنڈے پر کام کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی اور علاقہ دارزندہ کہ شیرانی قبائل ہمیشہ اپنے اداروں اور پاک فوج کو مضبوط کرنے کے لیے نشانہ نہ نشانہ کھڑے رہے گے اور ملک دشمن عناصر کے خلاف ہمہ وقت اپنے اداروں کا ساتھ دیں گے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کےافسران نے سکول کے طلباء میں اسپورٹس کا سامان اور بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔