عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے،وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، ملک میں یونیورسل ایمرجنسی ہیلپ لائن مشکلات میں پھنسے عوام کیلئے ہنگامی مدد کا اہم ادارہ ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن (پی ای ایچ ای ایل )911 کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل، چیئرمین نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن انجینئر معراج گل، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیّد حسنین عباسی کاظمی اور دیگر متعلقہ سینئر حکام نے شرکت کی جبکہ پنجاب، سندھ ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گللگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔وزیراعظم عمران خا ن نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اس سروس کے حقیقی آغاز سے قبل ہیلپ لائن کے آزمائشی اور سافٹ لانچ کے ذریعے اس کو بغیر کسی رکاوٹ کے فعال بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔وزیراعظم کو اس موقع پر بتایا گیا کہ ہنگامی خدمات فراہم کرنے والے ادارے فائر بریگیڈ،پولیس ، طبی معاونت،قدرتی آفات سے بحالی اور موٹروے پولیس سمیت خدمات فراہم کرنے والے تمام 36 انفرادی ایمرجنسی نمبرز کو پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن 911 میں ضم کر دیا جائے گا۔ کوئی بھی ضرورت مند شخص 911 پر کال کرے گا اور کال سنٹر اس کی کال کو متعلقہ حکومتی ادارے کو بھیج دے گا۔ڈیجیٹل پاکستان اقدام کے حصہ کے طور پر یہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور وزارت داخلہ کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اس منصوبہ کی باآسانی تکمیل کیلئے ضروری تکنیکی معاونت اور انفراسٹرکچر فراہم کرے گا جبکہ وزارت داخلہ وفاقی اور صوبائی سطح پر مختلف ایمرجنسی رسپانس سروسز کیلئے رابطہ کی ذمہ دار ہو گی۔