پاک بحریہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کیلئے تیار ہے، نیول چیف امجد نیازی

اسلام آباد:چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بحری مشق سی سپارک 2022 کے دوران بحری جہازوں، کوسٹل اور کریکس کے علاقوں کا دورہ کیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے اورماڑہ ،سجاول اورشاہ بندر میں نیول تنصیبات کا دورہ کیا۔ انہوں نے کھلے سمندر میں پی این ایس طغرل اور طارق کا دورہ بھی کیا اور مشق کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران چیف آف دی نیول سٹاف نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ملکی سمندری حدود کے دفاع میں افسران اور جوانوں کی بے لوث لگن اور عزم کو سراہا اور کہا کہ پاک بحریہ دشمن کی جانب سے کسی بھی مہم جوئی پربھرپور ردعمل کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔