ایف بی آرکی کارکردگی کی وجہ سے عوام کوریلیف دینے کےقابل ہوئے،وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہےکہ ایف بی آر کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے ہم پیٹرول، ڈیزل اور بجلی پر سبسڈی دینے کے قابل ہوئے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے فروری میں 441 ارب روپے کے محصولات جمع کرنے کا اپنا ہدف کامیابی سے مکمل کیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا فروری میں جمع کئے گئے محصولات ماہانہ لحاظ سے 30 فیصد زائد ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ایف بی آر کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے ہم پیٹرول، ڈیزل اور بجلی پر سبسڈی دینے اور اپنے لوگوں کو ریلیف دینے کے قابل ہوئے ہیں۔

اپنی ایک اور ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ نادرا نے 88 نئے رجسٹریشن مراکز کھول کر اپنی رسائی کو بڑھایا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بلوچستان 13،سندھ 23، خیبرپختونخوا 16، گلگت بلتستان میں 11 نئے رجسٹریشن مراکز کھلے ہیں،وزیر اعظم نے کہا کہ نادرا سینٹر ان تحصیلوں میں بھی کھلے ہیں جہاں پہلے کوئی سہولت موجود نہیں تھی۔