نوجوان انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے میں شاندار مواقع سے استفادہ کریں، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایسوسی ایٹ ڈگری کے حامل طلباء کی تعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو ہائیر ایجوکیشن میں آگے بڑھائیں گے، تعلیمی شعبہ میں جدت سے ملک ترقی کی منازل طے کرے گا جبکہ اقدار کی بنیاد پر دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوگا، دنیا کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی میں ہنرمند اور تربیت یافتہ لوگوں کی بڑی تعداد درکار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایوان صدر میں کامسیٹس یونیورسٹی کے13 ویں کانووکیشن سے بطور چانسلر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز، یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد تبسم افضل، ماہرین تعلیم، یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے سربراہوں اور طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے یونیورسٹی کی بہترین کارکردگی اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر رینکنگ پر ریکٹر، اساتذہ اورطلبہ کو مبارکباد دی۔صدر مملکت نے کہا کہ اخلاقیات کے بغیر علم کا کوئی فائدہ نہیں ہے، ہمارے معاشرے کی خوبصورتی ہماری قیمتی اقدار ہیں، طلبہ ماں باپ کی تربیت کی وجہ سے یہاں تک پہنچے ہیں، کائنات کا علم وسیع ہے، طلباء کو علم کے حصول کیلئے دنیا میں بے شمار مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کامسیٹس کا شمار بہترین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے، طلبہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم دلوانے پر والدین کے شکر گزار ہوں، ملکی ترقی کیلئے علم کا حصول ضروری ہے، زمانہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، ملازمت کے حصول اور اپنی بات دوسروں تک پہنچانے کیلئے کمیونیکیشن سکلز اہمیت رکھتی ہیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا کو 2030 تک 80 ملین سائبر سکیورٹی ماہرین کی ضرورت ہے، وزیراعظم نے آئی ٹی سے ٹیکس ختم کیا ہے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ورچوئل یونیورسٹی نے 22 لاکھ نوجوانوں کو ڈیجیٹل سکلز دیئے ہیں،ضروری ہے کہ ہیومن ریسورس کی تعداد بڑھائی جائے تاہم انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازی اور ٹیکنالوجی میں حائل خلیج کو کم کیا جانا چاہئے۔ کانووکیشن میں یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد تبسم افضل نے کامسیٹس یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 82 ہزار گریجویٹس تیار کئے ہیں جن میں 500 پی ایچ ڈی سکالرز بھی شامل ہیں جبکہ یونیورسٹی کے مختلف کیمپسز میں اس وقت 100 ڈگری پروگرامز میں 44 ہزار طلبہ زیرتعلیم ہیں۔قبل ازیں یونیورسٹی کے چانسلر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی فیکلٹی ممبران کے ہمراہ کانووکیشن ہال میں داخل ہوئے جہاں طلبا وطالبات اور یونیورسٹی کے اساتذہ نے کھڑے ہوکر ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ صدر مملکت نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں میڈل اور ڈگریاں بھی تقسیم کیں۔